وحدت نیوز نیٹ ورک (اصفہان ):مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام حسینیہ حضرت زہراؑ، جامعہ المصطفیٰ میں ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے “مقاومتِ فاطمی: مدینہ سے بیت المقدس تک، موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں” کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خصوصی خطاب کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا، جبکہ مدحِ اہلِ بیتؑ اور منقبت بھی پیش کی گئیں۔ سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف علی جانی نے عالمی و ملکی حالات پر اظہارِ خیال کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا ہر دور کے امام کے لیے کامل ترین اسوہ حسنہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام مہدی عج کے فرمان “لی اُسوة الحسنة بنت رسول الله” کے مطابق سیدہؑ کی سیرت تمام ائمہؑ کے لیے نمونۂ عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی فہم ایک عالمِ دین کے لیے ضروری ہے اور “وہ عالم جس کے پاس علم ہو مگر سیاسی بصیرت نہ ہو، معاشرے میں مؤثر کردار ادا نہیں کر سکتا۔”
علامہ رضوی نے سیدہؑ کے کردار، ولایتِ امیرالمؤمنینؑ کے دفاع اور ان کے مقام و فضائل کا بھی تفصیلی تذکرہ کیا۔
سیمینار کے اختتام پر نوحہ خوانی اور سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت مولانا محمد ندیم علوی نے انجام دی۔








