وحدت نیوزامور خارجہ (اسلام آباد )8 شوال 1445ھ کو جنت البقیع اور جنت المعلی کے تاریخی مزارات کی تخریب کے المناک واقعہ کی یاد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے پیغام میں عالم اسلام سے مقدس مقامات کی بحالی کا مطالبہ دہرایا۔
8 شوال 1344ھ (1926ء) کو سعودی حکام نے جنت البقیع (مدینہ منورہ) اور جنت المعلی (مکہ مکرمہ) میں موجود مقدس مزارات، جن میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، ائمہ اطہار علیہم السلام، امہات المؤمنین اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کے مزارات شامل ہیں، کو مسمار کر دیا گیا تھا۔ اس اقدام نے کروڑوں مسلمانوں کے دلوں کو زخمی کیا۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ “یہ مقدس مقامات نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہیں۔ ہم عالم اسلام اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جنت البقیع اور جنت المعلی کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے۔ یہ نہ صرف مسلم امہ کی عظمت کی بحالی ہوگی بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غم خوردہ دل کو بھی سکون ملے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “صہیونی اور استکباری قوتیں مسلمانوں کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو مٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ہم تمام مسلم ممالک اور اہل ایمان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان مقدس مقامات کی تعمیر نو اور شاندار بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔”
مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر سال 8 شوال کو یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کرتی ہے جس میں مزارات مقدسہ کی تعمیر نو کے مطالبے کو زوردار انداز میں اٹھایا جاتا ہے۔








