وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر خیبر پختونخوا اور پارلیمانی لیڈر مولانا عطاء الرحمٰن نے اپوزیشن لیڈر چیمبر میں سینیٹ آف پاکستان کے قائدِ حزبِ اختلاف اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر چیف وہپ سینیٹ سینیٹر ذیشان خانزادہ اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے ترجمان آخوندزادہ حسین احمد یوسفزئی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران مشترکہ اپوزیشن اتحاد (جوائنٹ اپوزیشن الائنس) سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی معاملات اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا۔
ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مشاورت اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو درپیش سیاسی اور آئینی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی، مسلسل رابطوں اور باہمی مشاورت کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں اپوزیشن اتحاد کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔








