اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

ملتان میں شہدائے مقاومت کانفرنس کا انعقاد

وحدت نیوز نیٹ ورک (ملتان) : بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبۂ تبلیغات اور مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیرِ اہتمام شہیدِ مقاومت سید حسن نصراللہ کی برسی کی مناسبت سے ’’شہدائے مقاومت کانفرنس‘‘ کا انعقاد امام بارگاہ ابوالفضل العباسؑ، چوک کمہاراں، ملتان میں کیا گیا۔

کانفرنس میں علمائے کرام، مبلغینِ امامیہ اور مختلف تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی۔ مقررین نے سیرتِ صادقینؑ، شہدائے مقاومت، فلسفۂ شہادت، فقہِ عملی، حالاتِ حاضرہ اور علماء کرام کی تبلیغی ذمہ داریوں سمیت مختلف اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے موجودہ عالمی حالات، شہدائے مقاومت کے اوصاف و خصائل، فلسفۂ شہادت اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

مقررین نے شہدائے مقاومت کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء نے جس مقصد اور مشن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اسے جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر علماء کرام کی تبلیغی ذمہ داریوں اور معاشرے میں دینی و فکری شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی ادارہ الباقر ایک علمی، تبلیغی و سماجی ادارہ ہے جو سربراہِ ادارہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں عالمی سطح پر علمی، تبلیغی اور سماجی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *