اہم خبریںپاکستان کی خبریں

علیمہ خان کی گرفتاری پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شدید ردِعمل

وحدت نیوز نیٹ ورک (لاہور): سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لیے جانے پر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

علیمہ خان کو 20 ستمبر کو لاہور سے حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق انہیں 3 ایم پی او کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کیا گیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں علیمہ خان کی گرفتاری کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے گرفتاریوں اور ریاستی طاقت کا استعمال مناسب طرزِ عمل نہیں۔ ان کے مطابق سیاسی کارکنوں اور مخالف آوازوں کو دبانے کی کوششیں عوام کے سیاسی شعور اور حقِ اظہار کو ختم نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا احتجاج پرامن سیاسی جدوجہد کا حصہ ہے اور عوام کو اپنے آئینی، جمہوری اور بنیادی حقوق کے لیے پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں اور دیگر اقدامات کے ذریعے پرامن سیاسی جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومتِ پنجاب کے اقدام کو غیر آئینی اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل گرفتاریوں اور ریاستی طاقت کے بجائے جمہوری اور آئینی طریقۂ کار کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی حقوق اور پرامن سیاسی جدوجہد کے لیے آواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *