وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان و قائد حزبِ اختلاف سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہم نیوز (HUM News) کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے پاکستان تحریک انصاف کو تجویز دی گئی ہے کہ احتجاجی ایجنڈے میں بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کے معاملے کے ساتھ ملک کے دیگر اہم عوامی مسائل کو بھی شامل کیا جائے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے مطابق احتجاجی سرگرمیوں کو پنجاب، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے عوام کے مسائل سے جوڑنے کی ضرورت ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس عمل کا حصہ بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مقصد محض احتجاج تک محدود رہنا نہیں بلکہ ایک باقاعدہ تحریک کا آغاز کرنا ہے۔ ان کے بقول، تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اصل ہدف موجودہ نظام میں تبدیلی اور عوام کو اس نظام سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عوامی مسائل کو احتجاجی ایجنڈے کا حصہ بنانے سے ملک کے مختلف طبقات اور علاقوں کی شرکت کو وسعت دی جا سکتی ہے۔








