وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : ، 22 ستمبر 2026: سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان و قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اپوزیشن چیمبر میں نادرا کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنما و امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی، سید مہدی ابراہیمی، سید ضیاء، سید ابرار سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران حالیہ دنوں میں بلاک کیے گئے شناختی کارڈز، متاثرہ شہریوں کو درپیش مشکلات اور نادرا سے متعلق زیرِ التوا معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے متاثرہ افراد کے مسائل، شکایات اور درپیش عملی مشکلات نادرا حکام کے سامنے پیش کرتے ہوئے ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر نادرا حکام نے یقین دہانی کرائی کہ قانون اور مقررہ ضوابط کے مطابق شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور زیرِ التوا معاملات کا جائزہ لے کر مناسب پیش رفت کی جائے گی۔
ملاقات میں شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول اور متعلقہ معاملات میں درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔








