وحدت نیوز امور خارجہ: (قم المقدس) مورخہ 9 جنوری 2025 کی شب مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی جانب سے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں شہداء مقاومت ، شہداء پارہ چنار اور شہداء کوئٹہ کی یاد میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ پہلے خطیب حجۃالاسلام سید شیدا حسین جعفری صدر مجلس وحدت قم نے پارہ چنار کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالی ۔دوسرے مہمان خطیب حجت الاسلام والمسلمین شیخ عبد اللہ دقاق مدیر حوزہ علمیہ اہل بحرین مقیم قم نے اپنی گفتگو میں دنیا بھر بالخصوص فلسطین ، لبنان اور پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں بے گناہ معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اہلبیت کے ماننے والے کبھی ظالم سے مرعوب نہیں ہوتے یہاں تک کہ حق اور سچ کے راستے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کردیتے ہیں ۔ پاکستان میں شیعوں پر اسلیے ظلم ہو رہا ہے کیونکہ یہ اہلبیت علیہم السلام کے عاشق ہیں ۔ بعد ازاں کانفرنس کے تیسرے مہمان اور خصوصی خطیب آیت اللہ شیخ عباس کعبی نمائندہ مجلس خبرگان رہبری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو راہ خدا میں مارے جائیں انکو مردہ مت کہو بلکہ وہ زندہ ہیں اور آج کی اس کانفرنس کے ذریعے دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم جتنے بھی حربے استعمال کرو لیکن ہمیں مٹا نہیں سکتے کیونکہ ہم کربلا کے ماننے والے ہیں ۔ ہم اپنے پاک خون سے اس راہ مقاوت کو مزید مستحکم کریں گے جس طرح شہداء مقاومت نے اپنے خون سے اس مقاومت کو زندہ رکھا ہے آپ نے مزید کہا کہ جہاں کہیں بھی شیعہ ، سنی کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے اس کے پیچھے امریکہ و اسرائیل ہے ۔ امریکہ و اسرائیل کو شیعہ ، سنی کا آپس میں اتحاد و وحدت کسی صورت قبول نہیں ۔ اگر شیعہ و سنی میں اتحاد و وحدت قائم رہی تو پوری دنیا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے ۔ اسی وجہ سے دشمن نہیں چاہتا مسلمانوں میں اتحاد و وحدت کی فضا قائم رہے ۔
کانفرنس میں حوزہ علمیہ قم کے جید علماء ، طلباء اور خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی بھی کانفرنس میں موجود تھے ۔
کانفرنس کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے عہدیداروں نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ذاکر جون کربلائی صاحب نے مولا علی علیہ السلام کی شان میں بہت زبردست اشعار و قصیدے پیش کئے اور معروف نوحہ خواں مرتضیٰ نگری نے ماتم داری کروائی۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کی جانب سے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا میں تکریم شہداء کانفرنس آیۃ اللہ شیخ عباس کعبی اور حجت الاسلام شیخ عبداللہ دقاق کا خطاب ۔ سیکرٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی اور علماء و طلباء کی کثیر تعداد میں شرکت
Shares: