وحدت نیوز نیٹ ورک : قم، ایران — مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیرِ اہتمام 13 دسمبر 2025ء کو صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے کارشناسی (گریجویٹ) سطح کے طلبہ کے ساتھ ایک صمیمی، مثبت اور فکری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر میں صدر شعبہ حجت الاسلام والمسلمین آقای سید ذیشان حیدر الحسنی اور ان کی معاون کابینہ کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔
اس نشست کا بنیادی مقصد طلبہ کے ساتھ باہمی رابطے کو مضبوط بنانا، ان کی علمی و فکری صلاحیتوں کی پہچان، تربیتی رہنمائی فراہم کرنا اور مستقبل میں درپیش دینی، سماجی اور فکری چیلنجز کے لیے انہیں آمادہ کرنا تھا۔
نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شریک طلبہ نے اپنا تعارف پیش کیا اور اپنے سابقہ علمی و تربیتی تجربات سے آگاہ کیا۔
صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم حجت الاسلام سید ذیشان حیدر الحسنی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے فردی، تعلیمی اور اجتماعی ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے علومِ عقلیہ کی تحصیل پر خصوصی زور دیتے ہوئے باہمی تعاون، اجتماعی شعور، نظم و ضبط اور مسلسل رابطے کو مستقبل کی کامیابی کی بنیادی شرط قرار دیا۔
اس موقع پر حجت الاسلام آقای شبیر سعیدی نے بھی خطاب کیا اور مومنین کی باہمی ملاقاتوں کو باعثِ برکت قرار دیتے ہوئے اس نوعیت کی نشستوں کے تسلسل کو ناگزیر قرار دیا۔
نشست کے دوران طلبہ نے اپنے علمی، تربیتی اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق سوالات کیے، جن کے تسلی بخش اور رہنمائی پر مبنی جوابات دیے گئے۔
آخر میں دعائے امام زمانہ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کے بعد نشست اختتام پذیر ہوئی۔ نشست کے اختتام پر طلبہ نے ایسی علمی و تربیتی مجالس کو باقاعدگی سے جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔








