وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ (رپورٹ) ۱۶ ستمبر — مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر شعبہ قم کے صدر مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی اور کابینہ کے اراکین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات میں شعبہ قم کی تنظیمی سرگرمیوں، فکری و تربیتی پروگراموں اور جاری کورسز پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ شعبہ قم کے ذمہ داران نے علامہ ڈومکی کو قم المقدسہ میں مجلس وحدت مسلمین کی تنظیمی و تربیتی فعالیت، فکری نشستوں اور نوجوانوں کی دینی و فکری تربیت کے پروگراموں سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، مجلس وحدت مسلمین کو درپیش تنظیمی و سیاسی چیلنجز اور ملکی سیاسی حالات بھی زیرِ بحث آئے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے پاکستان میں مجلس کی سرگرمیوں، تنظیمی امور اور موجودہ حالات کے حوالے سے شعبہ قم کے ذمہ داران کو تفصیلی بریفنگ دی۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیمی، فکری اور تربیتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں فکری و سیاسی آگاہی کے عمل کو مضبوط بنانے کی بھی ضرورت قرار دی گئی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب کے ذمہ داران نے باہمی تعاون، رابطے اور تنظیمی امور پر گفتگو کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
*(مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم)*








