وحدت نیوز نیٹ ورک (قم —) صدر علماے مکتبِ اہل بیتؑ اور سرپرستِ اعلیٰ جامعہ الرضاؑ حجت الاسلام والمسلمین آقای سید حسنین گردیزی نے بروز بدھ 24 دسمبر 2025ء مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم حجت الاسلام والمسلمین آقای سید ذیشان حیدر الحسنی اور ان کی کابینہ کے اراکین نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں موجود علماے مکتبِ اہل بیتؑ کی موجودہ دینی، سماجی اور فکری فعالیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم اور ان کی کابینہ نے پاکستان کی مجموعی صورتحال، علما کے کردار اور حالاتِ حاضرہ سے متعلق آگاہی فراہم کی، جبکہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی علمی، فکری، تنظیمی اور سماجی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
حجت الاسلام سید حسنین گردیزی نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی کارکردگی، منظم تنظیمی ڈھانچے اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ قم میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلاب کا منظم اور بامقصد کردار مستقبل میں پاکستان کو درپیش دینی، سماجی اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے میں نہایت مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ حوزہ علمیہ قم میں موجود پاکستانی طلاب کے ساتھ مضبوط اور مؤثر روابط قائم کیے جائیں، ان کی فکری و سیاسی تربیت پر سنجیدہ توجہ دی جائے اور انہیں پاکستان میں موجود موجودہ مسائل اور ذمہ داریوں کے لیے پہلے ہی سے تیار کیا جائے، تاکہ وہ مستقبل میں ملتِ تشیع اور مکتبِ اہل بیتؑ کی بہتر انداز میں خدمت انجام دے سکیں۔








