وحدت نیوز/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ایک وفد نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور اور تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے اسلام آباد کے پی کے ہاؤس میں ملاقات کی۔
وحدت نیوز کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ایک وفد نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور اور تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے اسلام آباد کے پی کے ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی سمیت ایم این اے شیخ وقاص اکرم، سینیٹر شبلی فراز،حسین آخوند زادہ اور ترجمان کے پی کے حکومت بیرسٹر سیف موجود تھے۔
ملاقات میں ضلع کرم کے ناگفتہ بہہ صورتحال اور کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ضلع کرم میں جنگ بندی اور دیرپا امن کے لئے مزید اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس ملاقات میں شریک تمام قائدین اور پارلیمانی رہنماؤں نے ضلع کرم میں وقفے وقفے سے پیدا ہونے والی کشیدہ جنگی صورتحال پر انتہائی تشویش اور چند روز سے جاری لڑائی میں قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا، جنگ کی وجہ سے راستوں کی بندش اور بارڈر پار سے مداخلت کی بدولت معصوم شہریوں کی جان و مال کو ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین خطرات لاحق ہوتے جا رہے ہیں۔