سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا تعزیتی بیان
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ رِجَالٌ صَدَقُوْا مَا عَاهَدُوا اللّٰهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُمْ مَّنْ قَضٰى نَحْبَهٗ وَ مِنْهُمْ مَّنْ یَّنْتَظِرُ وَ مَا بَدَّلُوْا تَبْدِیْلًاۙ
سالارلشکرِ مقاومت ،مدافعِ حرم،شہیدِ راہِ قدس شہیدالسعید علامہ سید حسن نصر اللّٰہ کی مظلومانہ شہادت پر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف، رہبر معظم السید علی خامنہ ای ،مراجع عظام،محور مقاومت، خانوادہ شہداء اور تمام مومنین کی بارگاہ میں تعزیت و تسلیت عرض ہے ۔
شہید کی جدائی جہاں عالم اسلام کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے وہاں مظلوموں کی داد رسی کرنے والی ایک توانا آواز آج خاموش ہو گئی ہے، موت برحق ہے جس کے لئے شہادت بہترین انتخاب ہے ،یقینا کربلائی پیروکار جس فخر سے زندگی گزارتے ہیں خدا اسی تکریم سے انہیں اپنی اگلی منزل کی جانب بلاتا ہے اور آج سید مقاومت بھی اسی شان و شوکت سے اپنے جدامجد امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ میں پپش ہو گئے ہیں اور مقاومت و عالم اسلام کو حق کے ساتھ متمسک رہنے کا عملی درس دے گئے ہیں۔ خداوند کریم شہداء و سید مقاومت کےخون سے مقاومت کو مزید طاقت بخشے اور اسے اپنے وعدے( مَا نَنْسَخْ مِنْ آيَةٍ أَوْ نُنْسِهَا نَأْتِ بِخَيْرٍ مِنْهَا أَوْ مِثْلِهَا أَلَمْ تَعْلَمْ أَنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ) کے مطابق بہترین نعم البدل نصیب فرمائے۔
اس وقت ہماری ذمہ داری ہے کہ مظلوم کے حامی اپنے اس عظیم محسن کو یاد کرتے ہوئے ان کے لئے اپنی اپنی مساجد میں قرآن خوانی کی محافل، مجالس عزاء اور زخمیوں کی صحتیابی کے لئے دعائیہ پروگرام منعقد کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ رہبر معظم السید علی خامنہ ای کے حکم کی روشنی میں ان نکات کے لئے عملی اقدام اٹھائیں کہ
تمام مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ لبنان کے عوام اور قابل فخر حزب اللہ کے ساتھ کھڑے ہوں۔ غاصب ,جابر اور ظالم حکومت کا مقابلہ کرنے میں اپنے وسائل سے ان کی حمایت کریں۔
نیز اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے ہمیں لبنان و فلسطنن پر جاری اسرائلی جارحیت کے خلاف و سید مقاومت کی شہادت پراحتجاجی ریلیوں، کانفرنسوں وغیرہ کا انعقاد کرنا چاہیے۔
والسلام
علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی
سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان