وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): 27 ستمبر 2026ء (وحدت نیوز):
سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایمز اسکول و کالج اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ’’علم اور اسلام‘‘ کے موضوع پر منعقدہ علمی و فکری نشست میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام اور علم کے باہمی تعلق، جدید سائنسی ترقی میں مسلم مفکرین کے کردار اور نوجوان نسل کی علمی و تحقیقی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ علم، تحقیق، اخلاق اور کردار سازی کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام علم و آگہی کا دین ہے اور انسان کو کائنات اور مظاہرِ فطرت میں غوروفکر، تدبر اور تحقیق کی دعوت دیتا ہے۔
علمی و فکری نشست میں اسکول و کالج کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور شعبۂ تعلیم سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے نشست میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے خطاب کو توجہ سے سنا۔
تقریب کے اختتام پر ایمز اسکول و کالج کی انتظامیہ نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی علمی، تعلیمی اور قومی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔ انتظامیہ نے ان کی آمد اور طلبہ سے خصوصی خطاب پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے طلبہ کے لیے نہایت مفید، رہنمائی بخش اور فکری اعتبار سے اہم قرار دیا۔








