Uncategorized

مشہد مقدس: مؤسسہ شہید عارف الحسینی میں ’’امام زمانؑ اور جہانِ امروز‘‘ کے موضوع پر علمی نشست

وحدت نیوز نیٹ ورک (مشہد مقدس) : مؤسسہ شہید عارف الحسینی، دفتر مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ مشہد مقدس میں ہفتہ وار علمی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں قم المقدسہ سے تشریف لائے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین سید ضیعم عباس رضوی نے ’’امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف اور جہانِ امروز‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔

نشست سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین سید ضیعم عباس رضوی نے عصرِ حاضر کے عالمی حالات، ظہورِ امام زمانؑ کی علامات، عصرِ ظہور کے تقاضوں اور منتظرین کی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں ظہور اور عصرِ ظہور سے متعلق مباحث کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، لہٰذا علماء و طلاب کے لیے ضروری ہے کہ وہ عالمی حالات کا گہرا ادراک حاصل کرتے ہوئے اپنی دینی، علمی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں ادا کریں۔

انہوں نے حقیقی انتظار کے مفہوم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منتظرین کے لیے ضروری ہے کہ وہ محض ظہور کے منتظر نہ رہیں بلکہ اپنے کردار، علم، عمل اور اجتماعی ذمہ داریوں کے ذریعے ظہور کے لیے حقیقی آمادگی پیدا کریں۔

حجۃ الاسلام والمسلمین سید ضیعم عباس رضوی نے اسلامی مقاومت کی جدوجہد اور اس کے کردار پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلامی مقاومت کی استقامت اور جدوجہد کے پسِ پشت ولایتِ فقیہ کی قیادت کا اہم کردار ہے، جبکہ ولایت کے پرچم تلے اتحاد و وحدت نے مکتبِ تشیع کی اجتماعی قوت اور اثرپذیری کو نمایاں کیا ہے۔

انہوں نے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے امتِ مسلمہ کے درمیان وحدت اور یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

علمی نشست میں مشہد مقدس میں مقیم پاکستانی علماء و طلاب نے شرکت کی۔ نشست کے اختتام پر شرکاء نے استادِ محترم حجۃ الاسلام والمسلمین سید ضیعم عباس رضوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس نوعیت کی علمی و فکری نشستوں کے تسلسل کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق دینی و فکری آگاہی کے لیے اہم قرار دیا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *