وحدت نیوز نیٹ ورک 13 جولائی 2026 | ، قم المقدسہ
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان (ISO) کے مرکزی صدر سید امین شیرازی نے اپنے وفد کے ہمراہ مجلس علمائے امامیہ پاکستان کے سربراہ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری برائے بین الاقوامی امور علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی سے مؤسسہ باقرالعلوم قم میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے آئی ایس او کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے تنظیم کی قومی، دینی اور عوامی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ایک پاکیزہ اور بابرکت شجر ہے، جس کے ثمرات سے ہر دور میں نوجوان نسل، ملت اور معاشرہ مستفید ہوتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی فکری، دینی اور اخلاقی تربیت کی جو عظیم ذمہ داری آئی ایس او پاکستان انجام دے رہی ہے، وہ درحقیقت انبیائے الٰہی کے مشن کا تسلسل ہے۔ اسی اخلاص، خدمت اور قربانی کے باعث اللہ تعالیٰ نے اس تنظیم کو بے شمار برکتوں اور کامیابیوں سے نوازا ہے۔
اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سید امین شیرازی نے علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی حوصلہ افزائی اور محبت بھرے کلمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او کی تمام کامیابیاں علمائے کرام، بزرگوں اور تنظیم کے سابق ذمہ داران کی سرپرستی، رہنمائی اور تعاون کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جو یہ پاکیزہ اور ثمر آور شجر ہماری نسل تک پہنچا ہے، وہ آئی ایس او کے سابقین کی خلوص بھری محنت، قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہی کی قائم کردہ تربیتی روایت کی بدولت آج تنظیم کے سابق اراکین معاشرے کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سید امین شیرازی نے اس امر کو بھی قابلِ قدر قرار دیا کہ آئی ایس او کے بڑی تعداد میں سابق اراکین اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد علماء کی صف میں شامل ہو چکے ہیں اور آج وہ ملت کی علمی، دینی اور سماجی رہنمائی میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس تربیتی سلسلے کے تسلسل کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی قومی، علمی، دینی اور عوامی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں آئی ایس او پاکستان کے سابق مرکزی صدر اور ممتاز عالمِ دین علامہ سید غلام شبیر بخاری، سابق مرکزی صدر عارف جانی، تنظیم کے دیگر رہنما اور مؤسسہ بین الاقوامی الباقر کے معاونین بھی موجود تھے۔








