وحدت نیوز نیٹ ورک: (اسلام آباد) 13 مئی (بدھ) — تحریک تحفظ آئین پاکستان میں سیاسی پیش رفت کے تحت سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے باضابطہ طور پر تحریک میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ پریس بریفنگ میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، قائد حزبِ اختلاف سینیٹ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی سمیت تحریک کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
پریس بریفنگ کے دوران قائدین نے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی شمولیت کو آئین کی بالادستی، جمہوری استحکام اور سیاسی ہم آہنگی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان ملک میں آئینی، جمہوری اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی و عوامی شخصیات کی تحریک میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں آئینی اصولوں اور جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین، قانون کی حکمرانی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، اور وہ اسی مقصد کے تحت تحریک کا حصہ بنے ہیں۔








