اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بری امام کے علاقے میں مبینہ طور پر گھروں کی مسماری اور مقامی آبادی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بری امام کے علاقے میں مبینہ طور پر گھروں کی مسماری اور مقامی آبادی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بری امام میں صدیوں سے آباد شہریوں کے مکانات گرائے جا رہے ہیں، جس پر ایوان کو فوری توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ سینیٹ کا ایک وفد تشکیل دے کر متاثرہ علاقے کا دورہ کرے اور زمینی حقائق پر مبنی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے تاکہ متاثرین کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔
اپنی تقریر میں انہوں نے قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں پر ظلم کیا جاتا ہے، انہیں مزاحمت کا حق حاصل ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ مظلوموں کی مدد کرنے پر قادر ہے۔
عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے غزہ میں جاری صورتحال کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہاں ہونے والے مظالم نے عالمی قوانین اور انسانی اقدار کو چیلنج کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقتور عناصر نہ تو انسانی حقوق کا خیال رکھ رہے ہیں اور نہ ہی بین الاقوامی اداروں کو اہمیت دے رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جہاں بھی ظلم ہوگا، وہاں مزاحمت ایک فطری عمل کے طور پر سامنے آئے گی، اور بالآخر کامیابی حق اور انصاف کی ہوگی۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *