اہم خبریںپاکستان کی خبریں

سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان و قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے انسدادِ تمباکو کے وفد کی ملاقات

وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : سربراہِ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ آف پاکستان، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ سے اپوزیشن چیمبر، پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں عورت فاؤنڈیشن اور کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز (CTFK) پاکستان کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں محترمہ ممتاز مغل، ڈائریکٹر پروگرامز عورت فاؤنڈیشن، سید صفدر رضا، ٹیم لیڈ انسدادِ تمباکو پروگرام، محترمہ مہک فاطمہ جعفری، کمیونیکیشن آفیسر انسدادِ تمباکو پروگرام اور جناب انیس احمد، کنٹری نمائندہ کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز پاکستان شامل تھے۔

ملاقات کے دوران ملک میں تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے رجحان اور بالخصوص نوجوان نسل کو اس کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات اور انسدادِ تمباکو پالیسیوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفد نے پاکستان میں تمباکو کنٹرول کے حوالے سے جاری اقدامات، عوامی آگاہی اور مستقبل کی حکمتِ عملی سے متعلق قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عوامی صحت کے تحفظ اور نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر قانون سازی اور جامع آگاہی مہمات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے استعمال کی روک تھام اور معاشرے، خصوصاً نوجوانوں کو اس کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے ریاستی اداروں، قانون سازوں اور متعلقہ سماجی تنظیموں کو مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *