وحدت نیوز نیٹ ورک (بیروت): شہیدِ مقاومت سید حسن نصر اللہ کی دوسری برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے لبنان پہنچنے والے پاکستانی وفد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ اور بین الاقوامی ادارہ الباقر کے سربراہ حجۃالاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستانی وفد کا لبنان میں اپنے دفتر میں خیرمقدم کیا اور ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، فلسطین و لبنان کی موجودہ صورتحال، عالم اسلام کو درپیش مسائل اور دیگر اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے رکن مفتی ڈاکٹر عزیر محمود الازہری نے کی، جبکہ وفد میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم اور برادر رضا بھی شامل تھے۔
اس موقع پر شام سے تعلق رکھنے والے عالم دین اور استادِ حوزۂ علمیہ علامہ شیخ ایمن الجمعہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔
ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستانی وفد کی لبنان آمد اور ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ وفد کے ارکان نے پرتکلف میزبانی، خیرمقدم اور عشائیے کے اہتمام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔








