اہم خبریںپاکستان کی خبریں

اصفہان: مجلس وحدت مسلمین کے زیرِ اہتمام سالانہ مجلسِ عزاء، علامہ سید حسن رضا نقوی کا خطاب

ایامِ فاطمیہ ۱۴۴۸ھ؛ حوزہ علمیہ اصفہان میں شہادتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مجلسِ عزاء کا انعقاد، علماء، طلاب اور مؤمنین کی کثیر تعداد میں شرکت

وحدت نیوز نیٹ ورک (اصفہان): مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیرِ اہتمام ایامِ فاطمیہ ۱۴۴۸ھ کے سلسلے میں حوزہ علمیہ اصفہان میں شہادتِ سیدہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے سالانہ مجلسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماءِ کرام، طلابِ حوزہ علمیہ، مؤمنین اور محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور دخترِ رسولؐ کی مظلومانہ شہادت پر اپنے غم و عقیدت کا اظہار کیا۔

مجلسِ عزاء کا آغاز زیارتِ عاشورا اور تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تلاوتِ کلامِ مجید کی سعادت قم المقدسہ سے تشریف لائے معروف قاریِ قرآن برادر نجف علی مومنی کو حاصل ہوئی۔ اس کے بعد نوجوان منقبت خواں جناب حسنین کاظمی اور قاری شہزاد جعفری نے بارگاہِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے قصیدہ خوانی کی۔

مجلس سے معروف خطیب، نوجوان عالمِ دین اور مدیر مدرسہ الولایہ قم المقدسہ، علامہ سید حسن رضا نقوی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب، عظمت و منزلت اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

علامہ سید حسن رضا نقوی نے بیان کیا کہ جو شخص رضائے الٰہی کا طلبگار ہے، اسے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی رضا کو اپنی زندگی کا محور بنانا چاہیے، کیونکہ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی رضا، رضائے الٰہی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے سیدہ کونین سلام اللہ علیہا کی نورانی سیرت کو مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے حاضرین کو اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت، اطاعت اور عملی پیروی کی تلقین کی۔

مجلس کے دوران قم المقدسہ سے تشریف لائے مہمان جناب سید شہباز حیدر اصفہانی اور قاری شہزاد جعفری نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہزادیِ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی بارگاہ میں پرسۂ عقیدت پیش کیا۔ ان کی نوحہ خوانی نے فضا کو سوگوار کر دیا اور حاضرین نے دخترِ رسولؐ کی مظلومیت پر اپنے جذباتِ غم و اندوہ کا اظہار کیا۔

مجلسِ عزاء کے انتظامی و نظامتی فرائض مولانا سید غازی رضا نقوی نے انجام دیے۔

مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس مجلسِ عزاء میں شرکاء نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و تعلیمات سے تجدیدِ عہد کرتے ہوئے اہلِ بیت علیہم السلام سے اپنی وابستگی اور عقیدت کا اظہار کیا۔

منجانب: مجلس وحدت مسلمین، شعبہ اصفہان

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *