وحدت نیوز نیٹورک (نیوز ڈیسک) – مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ اور مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ، حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ کربلا صرف ایک شہر نہیں بلکہ دنیا بھر کے حریت پسندوں اور عشاقِ حسینؑ کا مرکزِ عقیدت، وفا حریت کا مینار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر دنیا بھر سے زائرین مکتبِ حسینؑ کی پیروی میں کربلا کا رخ کرتے ہیں۔ پاکستان کے حسینی بھی اپنے آئینی، دینی اور انسانی حقِ زیارت کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کی غیرمنصفانہ حکومتی پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں۔
ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے قائدِ وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے کراچی سے ریمدان بارڈر تک عشقِ حسینی کے عظیم الشان مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مارچ کا مقصد حکومتی رکاوٹوں کے خلاف پرامن احتجاج اور زائرین کے جائز مطالبات کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں کے مذہبی جذبات، عقائد اور رسومات کا احترام کرتے ہوئے آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے، نہ کہ قدغنیں لگا کر ان کی مذہبی آزادی کو محدود کرے۔
ڈاکٹر شیرازی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حسینی قافلے ہر رکاوٹ کو عبور کرتے ہوئے منزلِ کربلا تک ضرور پہنچیں گے، ان شاءاللہ۔








