وحدت نیوز نیٹ ورک ( نجف) نجف اشرف میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ امورِ خارجہ ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے دورۂ عراق کے دوران رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کے نمائندہ برائے عراق آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی سے ایک اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خصوصی طور پر مدرسہ امام باقرؑ نجف اشرف سے متعلق تعلیمی و انتظامی امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر پاکستان کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال، مجلس وحدت مسلمین کے کردار، اور قائد وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سیاسی بصیرت اور حکیمانہ قیادت پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خطۂ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال بالخصوص شام کے حالات پر بھی جامع تبادلہ خیال ہوا۔ فریقین نے شام میں تشیع کو درپیش مسائل، وہاں موجود شیعہ آبادی کے تحفظ، دینی آزادیوں اور مختلف چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی اور تشویش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں شام کے حوزہ ہائے علمیہ کی موجودہ صورتحال، دینی و تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل، علماء و طلبہ کو درپیش مشکلات اور دینی مراکز کے استحکام کے حوالے سے بھی اہم نکات زیر غور آئے۔ دونوں شخصیات نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حساس حالات میں علمی و دینی اداروں کے تحفظ اور ان کی فعالیت کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، دینی شعائر کے تحفظ اور مظلوم اقوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
نجف اشرف: ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی کی نمائندہ ولی فقیہ رھبر معظم انقلاب عراق آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی سے اہم ملاقات
Shares:








