وحدت نیوز امور خارجہ (قم المقدس) بروز جمعہ 7 مارچ 2025 کو مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی تیسویں برسی کے حوالے سے مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا، جہاں معزز علماء کرام، طلاب اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی نماز مغربین اور افطاری کے بعد تلاوت کلام پاک سے مجلس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ شعراء حضرات نے شہداء کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ حجت الاسلام ڈاکٹر محمد لطیف مطہری نے اپنے خطاب میں شہید محمد علی نقوی کی خدمات ، جدوجہد، قربانیوں اور ان کے علمی و سیاسی کارناموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید نقوی کی زندگی امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے اور ان کے افکار آج بھی مسلمانوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی حقیقی معنوں میں سفیر انقلاب تھے اور آپ کی خدمات میں یہی کافی ہے کہ آپ نے شجر طیبہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی بنیاد رکھی کہ جس کے مرہون منت آج ملک بھر میں جوانوں کے تربیت کے لیے ایک بہترین ماحول فراہم ہے۔ آپ نے اپنی زندگی ملک عزیز اور عوام کی خدمت کے لیے وقف کی۔ انہیں 1995 میں ایک سازش کے تحت شہید کر دیا گیا تھا، لیکن ان کی شہادت نے ان کے افکار کو اور بھی زندہ کر دیا۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے نائب صدر حجت الاسلام احسان دانش نے کہا کہ شہید نقوی کی برسی کے موقع پر ایسی تقریبات کا انعقاد ان کے مشن کو زندہ رکھنے اور نئی نسل کو ان کی قربانیوں سے آگاہ کرنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید نقوی کی یاد میں منعقد ہونے والی ایسی مجالس امت مسلمہ کے اتحاد اور بیداری کے لیے اہم ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شہید نقوی کی روح کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور ان کے بلند مقاصد کو آگے بڑھانے کا عزم دہرایا گیا۔