وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ) :قم میں شہدائے مسجد ترلائی کلاں اسلام آباد کے ایصالِ ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے قرآن خوانی اور مجلسِ عزاء کا باوقار انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب بروز جمعرات 12 فروری 2026 کو مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں علماء کرام اور طلبۂ علومِ دینیہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام آقای سید حسن رضا نقوی نے صبر کے مقام اور اس کی حقیقت کو آیات و روایات کی روشنی میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صبر محض خاموشی کا نام نہیں بلکہ استقامت، شعور اور ظلم کے مقابل ڈٹ جانے کا عملی اظہار ہے۔
انہوں نے سانحہ مسجد ترلائی کلاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی غفلت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داریوں کی نشاندہی کی، اور متعلقہ حکام کو آئینی و اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
خطاب کے دوران انہوں نے “لاشوں پر سیاست” کے مفہوم کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور احتجاج کرنا دینی و انسانی فریضہ ہے، جبکہ حقیقی معنوں میں لاشوں پر سیاست ذاتی یا جماعتی مفادات کے لیے شہداء کے نام کو استعمال کرنا اور عملی جدوجہد سے گریز کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے صبرِ جمیل اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
مجلس وحدت المسلمین قم کی جانب سے شہدائے مسجد ترلائی کلاں اسلام آباد کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی و مجلسِ عزاء کا انعقاد
Shares:








