وحدت نیوز نیٹورک: (نیوز ڈیسک) مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ اور مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری امور خارجہ، حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ ایرانی حکومت اور عوام نے پاکستانی زائرین کے استقبال و مہمان نوازی کے لیے مکمل تیاری کر رکھی تھی، حتیٰ کہ زائرین کے لیے ویزہ فیس بھی معاف کر دی گئی، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستانی حکومت نے بیرونی دباؤ میں آ کر سرحدیں بند کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے جس محبت، اخوت اور جذبۂ خیر سگالی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ لیکن پاکستانی حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت دو برادر ہمسایہ اسلامی ممالک کے عوام کے درمیان بننے والے رشتۂ اخوت و محبت کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔
علامہ شفقت شیرازی نے مزید کہا کہ “حکومتِ پاکستان کو چاہیے کہ وہ بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کی بجائے اپنے عوام اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کو ترجیح دے، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب لاکھوں زائرین مذہبی مقامات پر حاضری کے لیے بیتاب ہوتے ہیں۔”
انہوں نے مطالبہ کیا کہ زائرین کے سفر کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور سرحدی رکاوٹیں ختم کر کے عوامی روابط کو فروغ دیا جائے۔
ایرانی عوام کی جانب سے پاکستانی زائرین کے والہانہ استقبال کی تیاریاں مکمل، ویزہ فیس بھی معاف — پاکستانی حکومت نے بارڈر بند کر دیا: علامہ شفقت شیرازی
Shares:








