وحدت نیوز نیٹ ورک: (اسلام اباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کا بنیادی مقصد، چاہے وہ حماس ہو یا دیگر مزاحمتی تنظیمیں، انہیں غیر مسلح کرنا ہے، تاہم پاکستانی عوام کبھی بھی اس ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس قسم کے دباؤ اور اقدامات کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوں گے اور اقتدار کو چند مخصوص ہاتھوں میں مرکوز کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے موجودہ عالمی اقدامات نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پاکستان، اس کے عوام اور پوری امتِ مسلمہ کے ساتھ صریح ظلم کے مترادف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی عوام اس طرح کے آمرانہ اور بادشاہت نما طرزِ حکمرانی کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ عوامی طاقت کے سامنے ایسے حکمرانوں کے لیے کہیں بھی پناہ کی جگہ باقی نہیں رہے گی۔ عوام کی بیداری اور اتحاد ہر ظالمانہ نظام کو بے نقاب کر کے اسے پسپا ہونے پر مجبور کر دے گا۔
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کو بالخصوص مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر سطح پر ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔








