اہم خبریںپاکستان کی خبریں

آج پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے ، یاد رکھیں عمران خان جیل میں نہیں اس وقت پاکستان جیل میں ہے،علامہ راجہ ناصرعباس کا اسلام آباد جلسے سے خطاب

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ قائد وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ جلسہ عام کےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن لالچیوں ، بزدلوں اور لٹیروں کی قید میں ہے۔مادر وطن کو ہوا و حوس کے بچاریوں نے اپنے اقتدار کی زنجیروں میں جکڑرکھا ہے۔ خائن ، اقتدار پرست ٹولا اپنے مفادات کےتحفظ کیلئے ملک کو تباہی کے دہانے پر لے گیا۔آج پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے ، یاد رکھیں عمران خان جیل میں نہیں اس وقت پاکستان جیل میں ہے۔یہ عمران خان پر نہیں بلکہ پاکستان پر ایف آئی آریں ہیں۔ عمران خان کے خلاف ہر قدم پاکستان کے خلاف قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوستو یہ کٹھن سفر ہے، یہ انبیاء کا راستہ ہے، عمران خان پاکستان میں رول آف لاء کا نفاذ چاہتا ہے ، قانون کی حکمرانی کے بغیر عدل وانصاف نہیں ہوسکتا ، 75 سالہ سب سےبڑی تباہی آئین و قانون کو پاؤں سے روندنا ہے ،ہمیں اس وطن کو ان ظالموں سے آزاد کروانا ہے ، اگر خان جیل میں قرآن پڑھتا ہے توتم بھی ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھو، اسٹریجیٹس کی کتابیں پڑھو،عمران خان قید میں سیرت النبیؐ کا مطالعہ کرتا ہے آپ بھی کرو ۔یہ جدوجہد بہت طویل ہے آپ نے مایوس نہیں ہونا، میدان میں ڈٹے رہنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت آپ کے جذبوں اور حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتی۔ آج آپ سب کے سامنے عہد کرتا ہوں خون کے آخری قطرے تک خان کیساتھ کھڑا رہوں گا، ہم جواں مرد ہیں بزدل اور لٹیروں کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *