وحدت نیوز نیٹ ورک (پشاور): علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی چیف آرگنائزر ڈاکٹر سید ناصر عباس شیرازی، رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر انجنیئر حمید حسین، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید ظہیر نقوی اور میئر پاراچنار مزمل فصیح شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے صوبے کے مختلف علاقوں کو درپیش اہم مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے فوری حل پر زور دیا۔ بالخصوص پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، ہنگو، کوہاٹ اور ہری پور سمیت دیگر اضلاع میں امن و امان اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر طے پایا کہ فوری رابطوں اور عملی اقدامات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے انجنیئر حمید حسین کو ذمہ داری سونپی جائے گی، جبکہ آئندہ کے لیے مستقل رابطہ کاری کا نظام بھی وضع کیا جائے گا۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ، صوبائی رہنما شفیع جان اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسف زئی بھی موجود تھے۔
اجلاس کے اختتام پر ترلائی کے شہدا اور دہشت گردی کے مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ فریقین کے درمیان اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کا نمائندہ وفد جلد وزیراعلیٰ سے باضابطہ ملاقات کرے گا تاکہ دو طرفہ امور کو مؤثر اور نتیجہ خیز انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔








