اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر جناب محسن المندلاوی سے ملاقات

وحدت نیوز نیٹ ورک (بغداد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے وفد کے ہمراہ عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر جناب محسن المندلاوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رکنِ پارلیمنٹ جناب علی الساعدی بھی شریک تھے۔

‏ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، عوامی و ثقافتی روابط، تجارتی تعاون اور توانائی کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر بالخصوص پاکستانی زائرین کو درپیش مشکلات، عراقی جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کے مسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔

‏ڈپٹی اسپیکر محسن المندلاوی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بصرہ سے گوادر تک آئل پائپ لائن کی بحالی، ریفائنریوں اور توانائی کے منصوبے دونوں ممالک اور خطے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے براہِ راست فضائی پروازوں میں اضافے اور پاکستانی کمپنیوں کو عراق کی تعمیرِ نو میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے پر بھی زور دیا۔

‏اس موقع پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان اور عراق اسلامی اخوت کے رشتے میں جُڑے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور تعلیمی روابط میں وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل، خصوصاً فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں ایک متحدہ مؤقف اختیار کرنا وقت کا تقاضا ہے۔

‏ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عراق اور پاکستان مشترکہ تعاون کے ذریعے نہ صرف اپنے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد اور مظلومین کی حمایت کے لیے بھی یکساں مؤقف اپنائیں گے۔

‏سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ وفد میں مرکزی سیکرٹری امورِ خارجہ علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی، چیف آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین سید ناصر عباس شیرازی اور علامہ خاور عباس شاہ شامل تھے۔

‏چیئرمین مجلس وحدت مسلمین اور ان کے وفد کی عراق کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے تمام انتظامات اور رابطے شعبہ امورِ خارجہ نے انجام دیے۔



Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *