وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ،) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے ایک وفد نے مجمع جہانی اہل بیتؑ کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی سے قم المقدسہ میں ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی نے تنظیم کی علمی، تبلیغی اور ثقافتی سرگرمیوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین قم طلاب و محققین کے درمیان فکری و نظری بیداری کے فروغ کے ساتھ ساتھ دینی و تبلیغی میدان میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
مولانا الحسنی نے تنظیم کے جاری علمی و تحقیقی منصوبوں، دروس اور سیمینارز کے بارے میں بھی آیت اللہ رمضانی کو آگاہ کیا۔
آیت اللہ رمضانی نے مجلس وحدت مسلمین کی دینی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ عصرِ حاضر میں علمی و فکری میدان میں مضبوط بنیادوں پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مجمع جہانی اہل بیتؑ کی جانب سے تبلیغی و تحقیقی میدان میں ممکنہ تعاون اور ہمکاری کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں حجت الاسلام مدنی پور سمیت دیگر علمی و دینی شخصیات بھی موجود تھیں۔








