وحدت نیوز نیٹ ورک ( بغداد) : وزیر اعظم عراق محمد شیاع سودانی سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین و رکنِ سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی کی وفد کے ہمراہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مذہبی و ثقافتی روابط اور پارلیمانی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ وفد میں مرکزی چیف آرگنائزر ایم ڈبلیو ایم ورکن شوری عالی جناب سید ناصر عباس شیرازی اور شعبہ نجف کے صدر مولانا سید خاور عباس نقوی شامل تھے۔
وزیر اعظم سودانی نے کہا کہ عراق و پاکستان کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی اور دینی رشتے موجود ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے اسلامی ممالک کو مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہوگا، بالخصوص غزہ کے مظلوم عوام کی نسل کشی اور بھوک کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات وقت کی ضرورت ہے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیر اعظم عراق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، عراق کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور زائرین عتبات عالیات کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔