وحدت نیوز نیٹ ورک: (اسلام آباد —) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی، چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی، مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات و سابق اپوزیشن لیڈر کاظم میثم، رکن گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد علی نوری اور مرکزی پولیٹیکل کونسل کے رکن ظہیر حسین نے شرکت کی، جبکہ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان الیاس صدیقی کو آن لائن اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں بھرپور اور مؤثر سیاسی کردار ادا کرے گی اور تمام 24 انتخابی حلقوں میں بہترین اور اہل نمائندوں کو اسمبلی تک پہنچانے کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ اجلاس میں انتخابی اتحاد، سیاسی حکمت عملی اور انتخابی جدوجہد میں بنیادی اصولوں اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی پاسداری پر خصوصی زور دیا گیا۔
اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ امیدواروں کے انتخاب میں محض اقتدار کے حصول کو مقصد بنانے کے بجائے اصولی معیارات کو بنیاد بنایا جائے گا۔ تمام حلقوں میں ایسے نظریاتی، باکردار، دیانتدار، باصلاحیت، نڈر، باضمیر، عوام دوست اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میدان میں اتارا جائے گا جو عوامی امنگوں کے مطابق خطے کے حقوق کے لیے مؤثر انداز میں جدوجہد کر سکیں۔
اجلاس میں صوبائی سیاسی کونسل اور صوبائی قیادت سے مشاورت کے بعد حلقہ جاتی صورتحال، ممکنہ امیدواروں، انتخابی اتحاد کی صورتوں اور دیگر اہم نکات پر مبنی جامع سفارشات مرتب کر کے مرکزی کونسل کو پیش کرنے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق سے محروم عوام کے حقوق کی بازیابی، وسائل کے تحفظ، ترقی و خوشحالی اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام اسی صورت ممکن ہے جب لسانی، علاقائی، برادری اور مسلکی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اہل، باکردار اور متدین افراد کو قیادت سونپی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی سیاست کو دہرانا خطے کے لیے کبھی نیک شگون ثابت نہیں ہو سکتا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سابق اپوزیشن لیڈر کاظم میثم، رکن اسمبلی شیخ اکبر علی رجائی اور رکن اسمبلی کنیز فاطمہ کو اپنی آئینی مدت خوش اسلوبی سے مکمل کرنے اور عوام کی مؤثر نمائندگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مشکل حالات میں نظریے پر ثابت قدم رہتے ہوئے نوجوانوں اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کو دیگر نوجوانوں کے لیے قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔
اجلاس میں صدر ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان مجاہد ملت آغا علی رضوی کی مزاحمتی سیاست، اصولی مؤقف اور عوامی امنگوں کے عین مطابق جدوجہد کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا اور ان کے طرزِ سیاست کو دیگر صوبوں کے لیے بھی نمونۂ عمل قرار دیا گیا۔ شرکاء نے انہیں گلگت بلتستان کے حقوق سے محروم عوام کی توانا آواز قرار دیا۔
اجلاس کے اختتام پر مجاہد ملت آغا علی رضوی کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔








