وحدت نیوز نیٹ ورک (خبر نگار) اسلام آباد: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے مختلف صوبائی صدور کو مختلف اداروں کی جانب سے فون کالز کر کے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور ان سے یہ لکھ کر دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ چہلمِ سیدالشہداء حضرت امام حسینؑ کے جلوسوں میں شریک نہیں ہوں گے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چہلمِ سیدالشہداءؑ میں شرکت اہلِ بیتؑ سے عقیدت اور ایک مذہبی فریضہ ہے، جسے کسی دباؤ یا دھمکی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔
انہوں نے کہا، “ہم بچپن سے چہلمِ سیدالشہداءؑ کے جلوسوں میں پیدل جاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی جاتے رہیں گے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ مذہبی آزادی ہر شہری کا آئینی حق ہے اور ایسے ہتھکنڈے نہ صرف بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ عوام کے مذہبی جذبات کو بھی مجروح کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے آئینی و مذہبی حقوق کا احترام کرتے ہوئے اس قسم کے دباؤ اور ہراسانی کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔








