
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ ملتوی کردیا ہے۔ گذشتہ روز دفترخارجہ کی جانب سے سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ عادل الجبیر نے وزیراعظم نواز شریف اور مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقاتیں کرنی تھیں اور سعودی قیادت میں بننے والے 34 ممالک پر مبنی فوجی اتحاد سے متعلق پاکستانی قیادت کو اعتماد میں لینا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ملک بھر میں آج ہونے والے شیعہ تنظیموں کے احتجاج کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔ اب سعودی وزیر خارجہ رواں ماہ کے آخر تک پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیعہ تنظیمیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں شیخ نمر سمیت 47 افراد کے سر قلم کیے جانے پر سراپا احتجاج ہیں۔ یاد رہے کہ 47افراد کو سعودی حکومت پر تنقید کرنے اور احتجاج کرنے پر سزا موت دی گئی۔