سنی اتحاد کونسل 2016ء کو فروغ امن سال کے طور پر منائے گی

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل 2016ء کو ’’فروغ امن سال ‘‘ کے نام سے منائے گی اس سلسلہ میں سارا سال فروغ امن کیلئے سرگرمیاں اور تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا، کیونکہ قیام امن ہی استحکام وطن کی ضمانت ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل کے تھنک ٹینک کے سہ ماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشتگردی کیخلاف قومی اتفاق رائے کو ضائع نہ کیا جائے، نیشنل ایکشن پلان کو متنازعہ بنانا حب الوطنی نہیں، سیاسی جماعتیں کرپشن اور دہشگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کا ساتھ دیں، آرمی چیف کا دورہ افغانستان خطے میں امن کیلئے اہم ثابت ہو گا، افغان امن عمل کا دوبارہ شروع ہونا خوش آئند ہے، دنیا کے تمام ممالک دہشتگردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی روش چھوڑ دیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپشن دہشتگردی سے بھی زیادہ خطرناک ہے، سیاست کو پیسے کا کھیل بنانے والے قومی مجرم ہیں، کرپشن کرنے والوں کو نشان عبرت بنائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا کیونکہ قومی وسائل کا بڑا حصّہ کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے، ظالمانہ طبقاتی و استحصالی نظام ختم کئے بغیر حقیقی جمہوریت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے انتہا پسندانہ مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہو گا۔