تنظیم اتحاد امت نیوایئرنائٹ کو شب دعا کے طور پر منائے گی، ضیاالحق نقشبندی

 چیئرمین تنظم اتحاد امت پاکستان محمد ضیاالحق نقشبندی کا لاہور میں اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو نیو ائیرنائٹ کے موقع پر خرافات سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ اس رات نوجوان نسل کو رکوع اور سجود میں لگانے کی کوشش کی جائے تاکہ نوجوان نسل خوف خدا اور عشق رسول کی لذت حاصل کرے، آج کی نوجوان نسل کو گمراہی اور گناہ کی لعنت سے بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو اللہ کی بارگاہ میں رونے اور گڑگڑانے والے ہوں جبکہ یہود ونصاریٰ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ امت مسلمہ کو خرافات میں مبتلا کر دیں تاکہ امت مسلمہ جدید دور کے جدید تقاضوں سے روشناس نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم اتحاد امت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی نیوائیرنائٹ کو شب دعا کے طور پر منائے گی، جس میں بچے اور خواتین شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی تقریب چیئرنگ کراس پنجاب اسمبلی ہوگی جبکہ چاروں صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو پروگرام کو حتمی شکل دے کر رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔