
عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے شہر الرمادی کی مکمل آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ہزار سولہ داعش پر فتح کا سال ہوگا۔ عراقی وزیراعظم نے عراقی قوم اور فوج کے نام صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کی داعش کے قبضے سے مکمل آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو ہزار سولہ داعش کی مکمل شکست اور عراق پر قابض دہشت گردوں پر مکمل کامیابی کا سال ہوگا۔ انہوں نے الرمادی کی آزادی کی کارروائی لمبی ہونے کے سلسلے میں کہا کہ عراقی حکومت کے لئے الرمادی کے عام شہریوں کی جان کی حفاظت نہایت اہم تھی اور یہی وجہ تھی کہ اس شہر کی آزادی میں زیادہ وقت لگا۔ حیدر العبادی نے موصل کی آزادی کے لئے آپریشن جاری رہنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم موصل کی آزادی کی طرف بڑھ رہے ہیں، تاکہ داعش پر فیصلہ کن کاری ضرب لگا سکیں اور یہ کامیابی عراقی قوم اور حکومت کے عزم سے حاصل ہوگی۔ عراقی فوج نے ایک بیان میں داعش کے قبضے سے الرمادی شہر کی مکمل آزادی کا اعلان کیا ہے۔ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے بھی الرمادی میں اپنی شکست کا اعتراف کر لیا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے رمادی شہر پر عراقی افواج کے کنٹرول کے بعد کہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں موصل کو داعش کے قبضے سے خالی کروائیں گے اور انہیں مکمل شکست دیں گے۔ عالمی میڈیا کے مطابق انہوں نے ایک خطاب میں کہا کہ 2016ء آزادی کا سال ہے۔ خدا نے چاہا تو 2016ء اہم ترین کامیابیوں کا سال ہوگا اور حتٰمی مکمل فتح کا سال ہوگا۔ عراقی سرزمین سے دہشتگرد گروہ داعش کا خاتمہ ہو جائے گا اور انہیں شکستِ فاش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں عراقی افواج موصل شہر کو داعش کے قبضے سے خالی کروائے گی۔ حیدر العبادی نے کہا کہ اب موصل سے ان کا قبضہ ختم کروایا جائے گا اور ہم اتحاد اور غیر معمولی افراد کی مدد سے داعش کو مہلک اور حتمی طور پر شکست دیں گے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی رمادی میں داعش کو پسپا کرنے پر عراقی افواج کو سراہا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ عراقی افواج نے بہت ہمت و حوصلے اور بہادری سے مقابلہ کرکے شہر کو اپنے قبضے میں لیا ہے۔