الوقت کی رپورپ کے مطابق پاکستان کے خارجہ سیکریٹری اعزاز احمد چوہدری نے سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ، شام کے صدر بشار اسد کو ہٹانے کی غرض سے کی جانے والی کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ، شام میں بیرونی فوجی مداخلت کا بھی مخالف ہے اور اس ملک کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان جامع سیاسی مذاکرات کے ذریعے بحران شام کےپر امن حل کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروے کارلارہا ہے۔ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ کے بیان سے بحران شام کے بارے میں پاکستان کی پالیسی میں اہم تبدیلی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ پاکستان اب تک بحران شام کے حوالے غیر جانبداری کی پالیسی پر گامزن رہا ہے۔ پاکستان کی نئی پالیسی ایران اور روس کی پالیسیوں کے زیادہ قریب دکھائی دیتی ہے، ایران اور روس شروع ہی سے شام کی ارضی سالمیت کی حمایت اور صدر بشار اسد کی برطرفی کی کوششوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔ پاکستان کی نئی پالیسی شام کے بارے میں سعودی عرب اور ترکی جیسے اس کے قریبی اتحادیوں کی پالیسیوں سے بھی متصادم ہے