آج ملک بھر میں بانی پاکستان کا 139واں یوم پیدائش منایا جارہاہے
 بانی پاکستان، قائداعظم محمد علی جناح کا 139واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ جس میں قائداعظم کی زندگی کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کراچی میں پیدا ہوئے۔ 1893ء میں سترہ برس کی عمر میں وکالت کی تعلیم کے لیے لندن کا سفر کیا اور پھر 1896 میں ہندوستان واپس آکر وکالت کے شعبے میں کامیابیاں حاصل کیں۔ قائد اعظم محمد علی جنا ح نے کانگریس سے سیاست کا آغاز کیا، جہاں انہوں نے تیزی کے ساتھ نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی فہم فراست سے مسلم لیگ کے حلقے بھی متاثر تھے۔ مسلمانوں پر ہندوں کے بڑھتے ہوئے مظالم اور متعصبانہ رویے نے قائداعظم کی سوچ کو بدل دیا۔

ہندوستان میں وکالت اور سیاست پر اپنے گہرے نقوش مرتب کرنے کے بعد قائداعظم واپس لندن چلے گئے اور وہاں قانونی پریکٹس شروع کردی۔ یہ وہ دور تھا جب برصغیر میں مسلمانوں کا عملاً کوئی لیڈر نہیں تھا، چنانچہ ہندوستان واپس آکر قائداعظم نے مسلم لیگ کو مسلمانوں کی عظیم سیاسی جماعت میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے 1913ء میں مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اورہندوستان کے مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے الگ ملک کا مطالبہ کیا۔ محمد علی جناح 1916ء میں مسلم لیگ کے صدر بن گئے۔ یہ قائداعظم کی سیاسی قیادت ہی تھی کہ جس نے مسلمانوں کی آزادی اور جداگانہ وطن کے تصور کو تحریک کی شکل دی۔ قائداعظم کی جدوجہد سے آخرکار 14 اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آگیا۔ آج صبح مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں سیاسی و عسکری رہنماﺅں سمیت دیگر مذہبی رہنماء اور عام افراد کی بڑی تعداد شرکت کریگی۔ آج ملک کے مختلف شہروں میں یوم قائد کے حوالے سے سیمینارز اور مختلف تقاریب منعقد کی گئی ہیں جن میں قائد اعظم کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی۔