
۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے زیراہتمام عید میلادالنبی ﷺ عقیدت و احترام اور جوش و خروش کیساتھ منائی گئی اور ملک بھر میں ہزاروں جلوس نکالے گئے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں جامعہ رضویہ سے شروع ہونیوالے مرکزی جلوس کی قیادت کی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کی پیروی ہی انسانیت کو سکون آشنا کر سکتی ہے، تعلیمات نبوی کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ عید میلاد النبی تاریخ کا سب سے اہم دن ہے، محبت رسول کی روشنیاں ہی نفرتوں کے اندھیروں کو ختم کر سکتی ہیں، امت مسلمہ سیرت النبی ﷺکو اپنا کر عظمت رفتہ بحال کر سکتی ہے۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری، فیصل آباد میں ملک بخش الٰہی اور صاحبزادہ حسن رضا، کوئٹہ میں مولانا وزیر القادری، گوجرانوالہ میں مولانا اکبر نقشبندی ، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، سمندری میں میاں فہیم اختر، پشاور میں مفتی فضل جمیل رضوی نے جلوسوں کی قیادت کی۔ عید میلا دالنبی کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کی طرف سے ہسپتالوں اور یتیم خانوں میں میلاد گفٹ بھی تقسیم کئے گئے۔