
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رسول اکرمؐ کی ذات اقدس اتحاد و یگانگت کی مضبوط ترین رسی اور مرکز اتحاد ہے۔ ربیع الاول کے مقدس مہینے میں ولادت رسول کریمؐ کے سلسلے میں میلاد کی محافل سجاکر ملت اسلامیہ کے تمام فرقے محبت و اخوت کی لڑی میں پرو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک ربیع الاول کے بارہ سے سترہ تک کے ایام نورانی ایام ہیں، ان نورانی ایام سے استفادہ کرکے ملت اسلامیہ کے تمام فرقوں کے درمیان وحدت قائم کرکے ملک عزیز کو ایک مثالی ریاست بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم استکبار مسلمانوں کے درمیان افتراق و انتشار پیدا کرکے ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے اور ہمارے ملک میں گنتی کے شرپسند عناصر اہل سنت اور اہل تشیع کو آپس میں دست و گریبان کرکے خارجی دشمن کے مقاصد کی تکمیل کے خواہاں ہیں۔ شیخ نیئر عباس کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں اہل تشیع اور اہل تسنن نے اپنے حقیقی دشمنوں کو پہچان لیا ہے اور عراق، شام سمیت پوری دنیا میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مملکت پاکستان میں مصطفٰیؐ کے دیوانے ہفتہ وحدت مناکر یہ ثابت کرینگے کہ ہم آپس میں متحد ہیں اور ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ پورے ملک میں اہل سنت اور اہل تشیع کا ملکر میلاد مصطفی جشن پرُ ور منانا اس بات کی دلیل ہے کہ سنی اور شیعہ کے مابین کوئی تفریق نہیں۔