Image result for iran

ایران کی کرم ایجنسی میں بم دھماکے کی شدید مذمت ،جانی نقصان پر افسوس کا اظہار
دہشتگرد حملہ پاکستانی قوم اور اسلامی دنیا کے دشمنوں کی طرف سے انکے شیطانی مقاصد کے حصول کیلئے کیا گیا،دہشتگرد پاکستان میں امن واستحکام کو خراب کرنا چاہتے ہیں،ایرانی حکومت اور عوام پاکستانی قوم اور حکومت کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، امید ہے مستقبل میں اسطرح کی دہشتگرد کاروائیوں کو ضروری پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے روکا جائیگا
وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابر انصاری کا بیان

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 دسمبر۔2015ء )ایران نے کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔پیر کو غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزرات خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیا ن میں کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور جانی نقصان پرافسوس کا اظہار کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابر انصاری نے کہاکہ دہشتگرد حملہ پاکستانی قوم اور اسلامی دنیا کے دشمنوں کی طرف سے انکے شیطانی مقاصد کے حصول کیلئے کیا گیا ۔دہشتگرد پاکستان میں امن واستحکام کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ترجمان نے ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی قوم اور حکومت کے ساتھ واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اسطرح کی دہشتگرد کاروائیوں کو ضروری پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے روکا جائیگا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کرم ایجنسی کے علاقے پارہ چنار میں اتوار بازار میں بم دھماکے میں 22 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے