ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنماء علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ اظہر حسین نقوی، سید علی اوسط، سہیل مرزا، رضی حیدر اور دیگر نے آمد ربیع الاول کی مناسبت سے منعقدہ نشست سے خطاب کے دوران کہا کہ مسلمان اور دیگر مذاہب کے پیروکار ان اس مقدس اور اہم مہینے میں امن و محبت، روادری اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں کیونکہ یہ مہینہ رسول اکرمﷺ کی آمد کا مہینہ ہے اور اس میں جتنا ممکن ہوسکے محمد ﷺ و آل محمدﷺ کی تعلیمات اور ان کا ذکر کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ اسلام کے آفاقی پیغام عام ہوں، تاکہ دنیا اس سے فائدہ اٹھا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ رسول اکرمﷺ اور آپﷺ کے اہلبیت ؑ نے رہتی دنیا تک کے انسانوں کیلئے ایسے رہنماء اصول چھوڑے، جن کو اپنا کر ہر دور کا انسان کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار ہوسکتا ہے۔ بعد ازاں ملت مسلمہ کے استحکام، دین کی سربلندی اور وطن عزیز کی کامیابی کی دعا کی گئی۔