اسلام ٹائمز: ایس پی سٹی ہارون جوئیہ کا کہنا تھا کہ زائرین کی 4 مقامات پر تلاشی کے بعد انہیں دربار میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جبکہ زائرین کے داخلے کیلئے 3 راستے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک وی آئی پیز کیلئے ہو گا۔ ایس پی ہارون جوئیہ نے کہا کہ یکم نومبر سے کربلا گامے شاہ چوک سے داتار دربار آنیوالی ٹریفک کو بھی بیرئیرز لگا کر بند کر دیا جائے گا۔
اسلام ٹائمز۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے عرس پر پولیس نے سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے۔ ایس پی سٹی ہارون جوئیہ کا کہنا ہے کہ 14 سو سے زائد اہلکار ڈیوٹی دیں گے جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے زائرین کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ایس پی سٹی ہارون جوئیہ نے ڈی ایس پی مہر ممتاز کے ہمراہ منتظمین داتا دربار سے ملاقات کی اور عرس کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے انہیں بریف کیا۔ اس دوران ایس پی سٹی ہارون جوئیہ نے دربار اور اس کے اطراف میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ “اسلام ٹائمز” سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 1400 سے زائد پولیس افسران و اہلکار عرس کے موقع پر تعینات کئے جائیں گے جبکہ دربار کے اندر 125 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور سرویلنس گاڑیوں پر لگے کیمروں کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی 4 مقامات پر تلاشی کے بعد انہیں دربار میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جبکہ زائرین کے داخلے کیلئے 3 راستے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک وی آئی پیز کیلئے ہو گا۔ ایس پی ہارون جوئیہ نے کہا کہ یکم نومبر سے کربلا گامے شاہ چوک سے داتار دربار آنیوالی ٹریفک کو بھی بیرئیرز لگا کر بند کر دیا جائے گا۔