گلگت بلتستان کی پولیس کے سربراہ نے وزیراعظم کے دورہ گلگت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیوٹی پر مامور تمام جوانوں کو انفرادی طور پر سکیورٹی کے حوالے سے احکامات دیئے جائیں، روٹس اور وینو کے تمام ملحقہ عمارتوں کی خصوصی نگرانی کریں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے متوقع دورہ گلگت بلتستان کے حوالے سے سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ظفر اقبال اعوان کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی پی نے خصوصی طور پر ہدایات جاری کی کہ ڈیوٹی پر مامور تمام جوانوں کو انفرادی طور پر سکیورٹی کے حوالے سے احکامات دیئے جائیں، روٹس اور وینو کے تمام ملحقہ عمارتوں کی خصوصی نگرانی کریں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے اجلاس میں کہا کہ ٹریفک روٹس کو اس طرح سے ترتیب دیں تاکہ آنے جانے والے مسافروں کو کوئی دشواری نہ ہو، تمام ہوٹلز سرائے کی چیکنگ کریں تمام ناکہ جات پر آنے جانے والوں کی سختی سے تلاشی لیں، سپیشل برانچ بھی اپنی نفری بروقت معلومات کیلئے الرٹ رکھے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔