سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ حقیقت پر مبنی ہے، آئی ایس پی آر کے بیان پر واویلا بے بنیاد ہے، فوج نے حکومت کو گڈ گورننس کی طرف متوجہ کرکے کوئی جرم نہیں کیا، حکومت فوج کے بیان کو تعمیری اور مثبت سمجھے اور گورننس کی خامیاں دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کھرب پتیوں امیروں کا کلب بن چکی ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی ظالمانہ تجویز واپس لی جائے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار نظر نہیں آ رہا ہے، قطر سے ایل این جی کی در آمد کے معاہدے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، صحت و تعلیم کے مسائل حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے حکومت اپنا کردار ادا کرے، حکومت نے سارا بوجھ فوج پر ڈال رکھا ہے، نیشنل ایکشن پلان کے بیس نکات میں سے صرف تین نکات پر عمل ہو سکا ہے۔ فیصل آباد میں علما سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت غربت نہیں غریبوں کو ختم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے، حکومت نے ڈھائی سالوں میں صرف اپنے خاندان کو نوازا ہے اور کرپشن کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ایسی باتیں نہ کریں جس سے اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوں، حکومت زلزلہ متاثرین کے گھروں کی جلد تعمیر کیلئے اقدامات کرے۔