پنجاب کابینہ میں دہشت گرد بیٹھے ہوئے ہیں، معصوم نقوی
  جمعیت علما پاکستان نیازی گروپ کے سربراہ معصوم نقوی نے کہا ہے کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس کی وجہ سے فوج کو تشویش کا اظہار کرنا پڑا، وفاقی وزرا کا رویہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے جیسا ہے، انہیں چاہیے کہ آئی ایس پی آر کے بیان پر تنقید کرنے کی بجائے اپنی گورننس بہتر بنائیں۔ لاہور میں صوبائی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ حکومت کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہیے تاکہ بوٹوں والوں کی آمد کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادران اپنی شخصی آمریت سے باہر نکل آئیں، جمہوریت کو کچھ نہیں ہو گا لیکن جمہوریت کے نام پر سول آمریت نافذ کر دی گئی تو حکومت کے ہاتھ بھی کچھ نہیں رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری کے ستائے عوام حالات سے مایوس ہوتے جا رہے ہیں، غریب کیلئے جسم اور روح کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو چکا ہے، کاروباری طبقہ حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہے، لاہور جیسے شہر میں آبادی کے بڑے حصے کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں جبکہ سرکاری خزانہ کمشن کھانے کیلئے پہلے میٹرو بس اور اب اورنج ٹرین منصوبے کی نذر کیا جا رہا ہے، لاہور کی صاف ستھری سڑکوں کو ری ماڈلنگ کے نام پر تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ کو شاہدرہ موڑ اور راوی پل پر روزانہ کھڑی ٹریفک نظر نہیں آتی، حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو بھی بھول چکی ہے، پنجاب کابینہ میں دہشت گرد بیٹھے ہوئے ہیں اور سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے سے حکومت خائف ہے۔