راولپنڈی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں مکمل امن کیلئے طویل المدتی اقدامات کرنا ہوں گے، دیرپا امن یقینی بنانے کیلئے آپریشن کی مناسبت سے بہتر کورننس کی ضرورت ہے، اجلاس سے خطاب میں آرمی چیف نے شرکاء کو دورہ امریکا سے متعلق بھی اعتماد میں لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکواٹرز (جی ایچ کیو) راول پنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت188ویں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں پاک فوج کے مختلف پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا، جب کہ ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور آپریشن ضرب عضب اور دیگر آپریشنز کی کامیابیوں اور ان کے نتائج پر اور دہشت گردی کیخلاف انٹیلی جنس معلومات پر کارروائیوں پر اطمیان کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے شرکاء کو دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اعتماد میں لیا، کانفرنس میں آرمی چیف کے دورہ امریکا کے حوالے سے بھی آرمی چیف نے کمانڈرز کو اعتماد میں لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان اور فاٹا ریفارمز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے، بہتر تنائج کیلئے اچھی گورننس کی ضرورت ہے، ملک میں مکمل امن کیلئے طویل المدتی اقدامات کرنا ہوں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے جاری آپریشن میں قوم کی حمایت حاصل ہے، اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشن کے باعث عارضی طور پر بے گھر افراد کی واپسی جلد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔