ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی کل اسکردو پہنچیں گے
 مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کل اسکردو پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ امین شہیدی اسکردو میں الہدیٰ  فاونڈیشن کے زیراہتمام شہید علامہ ڈاکٹر غلام محمد فخرالدین اور شہدائے منٰی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق علامہ محمد امین شہیدی کے علاوہ اس تعزیتی ریفرنس میں بلتستان کے نامور بزرگ عالم دین حجت الاسلام علامہ شیخ محمد حسن جعفری بھی شرکت اور خطاب کریں گے۔ ان علمائے کرام کے علاوہ شہید علامہ شیخ غلام محمد فخرالدین کے فرزند ارجمند عباس فخرالدین، ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے رہنما علامہ آغا علی رضوی، شیخ احمد نوری، شیخ محمد علی توحیدی، شیخ سجاد حسین مفتی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مقررین خطاب کریں گے۔